کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں کی گئی، جہاں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں : خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی ،10 دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے علاقے کلی زائیک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی تھی، جس کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔





