استخار احمد یوسفزئی
صوابی: دریائے سندھ میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کے لیے جاری سرچ آپریشن میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ریسکیو 1122 نے شکیل ماندوری کے بعد ان کے بیٹے شرجیل کی لاش بھی برآمد کرلی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دریائے سندھ میں سرچ آپریشن کے دوران شرجیل کی ڈیڈ باڈی ریکور کرلی گئی ہے، جبکہ مزید دو لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے آپریشن تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ 14 اگست کو ہنڈ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانچ افراد ڈوب گئے تھے، جن میں مردان سے تعلق رکھنے والے پولٹری تاجر شکیل ماندوری، ان کے دو بیٹے شرجیل اور خضر، جبکہ اویس اور مشال شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی: دریائے سندھ میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری، شکیل ماندوری کی لاش برآمد
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 صوابی کی غوطہ خور ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ بعد ازاں شکیل ماندوری کی لاش بھی برآمد کرلی گئی، جبکہ اب ان کے بیٹے شرجیل کی لاش بھی مل گئی ہے۔
ریسکیو 1122 صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور کی غوطہ خور ٹیمیں مشترکہ طور پر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر مزید دو لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب مزید دو افراد کے تاحال لاپتہ ہونے کے باعث اہلخانہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔





