پشاور ڈویژن میں بجلی چوری کے روپوش عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، بقایا جات کی وصولی اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیسکو (PESCO) حکام اور ضلعی انتظامیہ کو بجلی کے نظام میں بہتری کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں کمشنر پشاور نے پیسکو کو ہدایت کی کہ جہاں بجلی چوری یا واجبات کی عدم ادائیگی زیادہ ہو، وہاں پورے فیڈر کی بجلی منقطع کرنے کے بجائے صرف متعلقہ ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کی جائے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے شریف اور پابندِ قانون صارفین کو بلاوجہ کی تکلیف اور طویل لوڈشیڈنگ سے بچانا ہے۔
بجلی چوروں اور بڑے نادہندگان کے خلاف منگل سے بلاامتیاز کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں پیسکو، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل ہوں گے جو مختلف علاقوں میں غیر قانونی کنکشنز اور بقایا جات کی جانچ پڑتال کریں گے۔
اس کے علاوہ، اجلاس میں نئے بجلی میٹرز کی فوری تنصیب اور ریکوری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ،ہائی الرٹ جاری
کمشنر ریاض خان محسود نے پیسکو اور انتظامیہ کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کارکردگی کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی ہے اور واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات قانون کی بالادستی اور باقاعدہ بل دینے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔





