لاہور: پنجاب حکومت نے نوجوانوں اور جدید ہنر سیکھنے کے خواہشمند افراد کے لیے ہنرمند پنجاب ایڈوانسڈ آئی ٹی اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ پروگرام شروع کردیا ہے، جس کے تحت ملک بھر سے 15 سے 50 سال تک کی عمر کے افراد درخواست دے سکتے ہیں۔
پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا اور کم از کم میٹرک پاس ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل اور فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے 30 سے زائد شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
پروگرام میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، فری لانسنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ایپ ڈویلپمنٹ اور یوٹیوب مونیٹائزیشن سمیت مختلف کورسز شامل ہیں۔
اس پروگرام کی خاص بات تربیت کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر اضافی سہولیات کی فراہمی ہے۔ امیدواروں کے حتمی جائزے یا ٹیسٹ میں کم از کم 85 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ حاصل کردہ نمبروں کے حساب سے مختلف مراعات دی جائیں گی۔
85 فیصد سے زائد نمبر لینے والوں کیلئے سہولیات
پروگرام کے تحت 85 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدوار فیس ری ایمبرسمنٹ کے لیے اہل ہوسکتے ہیں۔ 86 سے 88 فیصد نمبر لینے والوں کے لیے سولر پینل، 89 سے 91 فیصد نمبر حاصل کرنے والوں کے لیے کروم بک جبکہ 92 سے 94 فیصد نمبر لینے والوں کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی سہولت رکھی گئی ہے۔
اسی طرح 95 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے الیکٹرک بائیک فراہم کرنے کی سہولت بھی پروگرام میں شامل ہے۔
مختلف شعبوں میں تربیت کا موقع
ہنرمند پنجاب پروگرام میں مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف جدید کورسز پیش کیے جارہے ہیں۔ ان میں ایمیزون ورچوئل اسسٹنٹ، شاپی فائی اور دراز پر آن لائن کاروبار، ورڈپریس ویب سائٹ ڈویلپمنٹ، ری ایکٹ، نوڈ جے ایس، MERN اسٹیک، پی ایچ پی لیراویل، پائتھن پروگرامنگ، مشین لرننگ اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گوگل ایڈز، آئی ای ایل ٹی ایس کی تیاری، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ڈیجیٹل کڑھائی اور سائبر سکیورٹی میں پینیٹریشن ٹیسٹنگ جیسے کورسز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔
ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے موقع
پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 50 ہزار سکالرشپ کارڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 25 ہزار پنجاب جبکہ باقی 25 ہزار آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
پروگرام میں درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔ جدید ہنر سیکھ کر روزگار، فری لانسنگ یا آن لائن کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اسے ایک اہم موقع قرار دیا جارہا ہے۔





