عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بدلتی ہیں، میں صرف عملدرآمد کرتا ہوں، وزیر پیٹرولیم

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ان پر روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل کرنے پر تنقید کی جاتی ہے، تاہم عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں اور وہ صرف اس کا اطلاق کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش پر دوبارہ کام شروع کیا گیا ہے۔ گیس کی قیمت میں اضافہ کیے بغیر، پاور سیکٹر کی طلب میں کمی کے باوجود گردشی قرضہ نہیں بڑھنے دیا گیا۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے کہتے ہیں کہ میں روز قیمتیں تبدیل کرتا ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں قیمتیں خود تبدیل نہیں کرتا، عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں اور حکومت کو اسی کے مطابق عملدرآمد کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کا ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں اضافہ

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کررہی ہے، جبکہ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیا گیا۔

علی پرویز ملک کے مطابق حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ریفائنری نے بھی بات مان لی، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت میں کمی ممکن ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریفائنری اپ گریڈیشن کے لیے جلد معاہدہ بھی کیا جائے گا۔

Scroll to Top