وفاقی حکومت کا ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں اضافہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا، تاہم ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے 63 پیسے کی کمی کردی گئی ہے، جبکہ پٹرول مہنگا ہوگیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی ایک روپے 72 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 78 روپے 28 پیسے سے بڑھ کر 80 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب پٹرول پر عائد لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ 80 روپے فی لیٹر برقرار ہے۔ پٹرول اور ڈیزل دونوں پر 5 روپے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی الگ سے عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی میں طغیانی، متعدد گھروں میں پانی داخل، سڑکیں زیرآب آگئیں

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا ہوگیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اس کے برعکس پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

Scroll to Top