انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان لیڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے، جہاں میزبان انگلینڈ نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنا لیے ہیں۔
لیڈز:اس طرح انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کے مقابلے میں 195 رنز کی واضح برتری حاصل ہو گئی ہے،آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔
انگلینڈ نے اپنی نامکمل اننگز 2 وکٹوں پر 112 رنز سے آگے بڑھائی، جارڈن کاکس 73 رنز بنا کر علی عثمان کا شکار بنے، جبکہ تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے 66 اور ڈڈین لارنس نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں ترین بیٹر رہے، البتہ اننگز کے دوران سلمان علی آغا سے ان کا ایک آسان کیچ بھی ڈراپ ہوا۔
علی عثمان کا تاریخی کارنامہ ،پاکستان کی جانب سے اسپنر علی عثمان نے انتہائی نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی علی عثمان انگلینڈ کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں۔
ان کے علاوہ محمد عباس، خرم شہزاد اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،اس سے قبل میچ کے پہلے روز پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہو گئی تھی اور پوری ٹیم صرف 171 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے پہلے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں پر 112 رنز بنا لیے تھے۔





