پنشنرز گھر بیٹھے اپنا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ طریقہ کارجانیے

نادرا نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کے اشتراک سے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف یعنی تصدیقِ حیات کا سرٹیفکیٹ بالکل مفت اور آسان طریقے سے جاری کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد بزرگ، معذور اور بیمار پنشنرز کو بار بار بینکوں یا پنشن دفاتر جانے کی زحمت سے بچانا ہے۔

پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا سب سے آسان طریقہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ ہے جس کے ذریعے اہل پنشنرز گھر بیٹھے اپنی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کر کے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

اگر پنشنر خود سمارٹ فون استعمال نہ کر سکے تو اس کے خاندان کا کوئی فرد اپنے پاک آئی ڈی اکاؤنٹ سے پنشنر کی شناخت کی تصدیق کا عمل پورا کر کے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ سہولت ملک بھر میں پانچ ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز پر بھی بلا معاوضہ دستیاب ہے جبکہ نو سو اٹھاسی سے زائد نادرا رجسٹریشن مراکز اور پانچ سو سے زائد یونین کونسلز میں پنشنرز کو عام قطاروں سے ہٹ کر ترجیحی بنیادوں پر خدمات دی جا رہی ہیں۔

جو پنشنرز کسی بھی مرکز تک جانے سے قاصر ہیںان کے لیے نادرا کی موبائل وینز، بائیکر سروس اور مین پیک سروس کے ذریعے گھر پر سہولت کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔

اسی سلسلے میں نادرا نے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کر دیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ،نوٹیفکیشن جاری

اس ڈیجیٹل رجسٹر کی بدولت کسی پنشنر کی وفات یا خاندانی و ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کا ریکارڈ نادرا کی جانب سے متعلقہ پنشن کنٹرولرز اور مجاز بینکوں کو روزانہ کی بنیاد پر موصول ہو جائے گا جس سے کاغذی کارروائی پر انحصار ختم ہو جائے گا۔ اگلے مرحلے میں اس رجسٹر کا دائرہ کار دیگر وفاقی، صوبائی اور نجی اداروں کے پنشنرز تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

Scroll to Top