اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ،اعلامیے کے مطابق عمران خان نیازی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کے لیے پمز اسلام آباد لایا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طبی معائنے کے دوران شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں نے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا، دیگر طبی معائنے متعلقہ پمز ماہرین نے کیے۔
پمز کے اعلامیے کے مطابق آنکھوں کے معائنے سے حاصل ہونے والی طبی رائے کو پمز میں کی گئی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ مجموعی جائزے میں شامل کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پمز کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے تمام طبی نتائج یکجا کر کے میڈیکل فٹنس رپورٹ مرتب کی، مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کا مکمل احترام کیا جائے گا ۔
پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے اعلامیئے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طبی رپورٹ کے خفیہ مندرجات ظاہر نہیں کیے جائیں گے ۔





