اسلام آباد: سال 2027 کے لیے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرانے والے عازمین حج کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جبکہ نجی حج اسکیم کی رقم براہ راست نجی آپریٹر کو ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کی بکنگ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، تاہم رواں سال پہلی مرتبہ حج بکنگ کا عمل نجی آپریٹرز کے بجائے وزارت مذہبی امور کے توسط سے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج پیکیجز، معاہدوں اور ادائیگیوں کی نگرانی اپنے ذمہ لے لی ہے۔ پرائیویٹ حج کی بکنگ اور ادائیگی صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ہی قابل قبول ہوگی۔
عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کی مجاز نجی حج کمپنی کا انتخاب کریں اور پرائیویٹ حج پیکیج بھی اسی پورٹل کے ذریعے منتخب کریں۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ کسی غیر مجاز ایجنٹ یا فرد کو حج کی رقم ادا کرنے کی صورت میں اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری خود عازم حج پر ہوگی۔
71 ہزار سے زائد عازمین پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کریں گے
حکام کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت مجموعی طور پر 71 ہزار 696 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : حج 2027 کے خواہشمند عازمین کے لیے اہم خبر، کتنی نشستیں باقی رہ گئیں؟ جانیے
پاک حج ایپ پر اب تک ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین رجسٹریشن کراچکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک میں 25 مجاز نجی حج کمپنیاں بھی موجود ہیں جو وزارت کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔
وزارت کی جانب سے عازمین پر زور دیا گیا ہے کہ حج بکنگ اور ادائیگی کے لیے صرف سرکاری طور پر مقرر کردہ طریقہ کار اختیار کریں اور غیر مجاز افراد یا ایجنٹس کو رقم دینے سے گریز کریں۔





