پنشنرز کے لیے اہم وضاحت، پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اجراء اور تصدیق کے عمل میں بینکوں کا کوئی کردار نہیں۔

نادرا کے مطابق پنشنرز اور پنشن کے اہل افراد سے متعلق معاملات براہِ راست متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں۔ پنشنرز موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواست براہِ راست متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو بھیج سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی کارروائی پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے منسلک ہے، بینک سے نہیں، جبکہ سرٹیفکیٹ بھی متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو ہی جمع کرایا جائے گا۔

نادرا نے پنشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ مکمل یا اپ ڈیٹ کرانے کے لیے بینک سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ شہری شناخت سے متعلق معلومات اور دیگر خدمات کے لیے نادرا کی سرکاری ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پرائیویٹ حج 2027: عازمین پر اہم پابندی عائد، ادائیگی کا نیا طریقہ متعارف

اتھارٹی کے مطابق کسی بھی معاونت کی ضرورت ہو تو نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

پاک آئی ڈی ایپ پر پروف آف لائف سرٹیفکیٹ نظر نہ آئے تو کیا کریں؟

نادرا کے مطابق اگر پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا ڈیٹا ظاہر نہیں ہو رہا تو اس کی ایک وجہ نادرا کے ریکارڈ میں پنشن فراہم کرنے والے ادارے کی جانب سے پنشنر کا اندراج موجود نہ ہونا ہوسکتی ہے۔

ایسی صورت میں پنشنر کو اپنے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کرکے معلوم کرنا چاہیے کہ نادرا کے پاس رجسٹرڈ پنشنرز کے ریکارڈ میں ان کا اندراج کیوں موجود نہیں۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سے متعلق کارروائی کے لیے بینک سے رجوع کرنے کے بجائے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کیا جائے۔

Scroll to Top