پشاور: خیبر پختونخوا میں ریلوے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حکومت خیبر پختونخوا اور وزارت ریلوے کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں جدید اور تیز رفتار ریلوے نظام قائم کرے گی، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بڑے شہروں میں ٹریفک اور سفری بوجھ کو کم کرنا ہے۔
حکومت کے مطابق جدید ریلوے رابطوں میں بہتری سے صوبے میں تجارت، سیاحت، روزگار اور سفری سہولیات کو فروغ ملے گا، جبکہ مختلف ریلوے منصوبوں کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پرتگالی فٹبالر کوین کاسترو میچ کے دوران اچانک گرنے سے انتقال کرگئے
فریم ورک معاہدے کے تحت پشاور ویلی ریلوے منصوبہ بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ اور جہانگیرہ کے درمیان ریلوے کوریڈور شامل ہوگا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کے مطابق 25 اگست کو خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی وزیر برائے ریلوے فریم ورک معاہدے پر دستخط کریں گے۔
حکومت خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ جدید اور تیز رفتار ریلوے نظام صوبے میں سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔





