اسلام آباد: گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 27 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ 26 اگست کو درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
27 اگست سے اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی سرگرمیاں شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو شدید گرمی سے عارضی ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے اور سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوب مغربی سمت سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے ملاقات کیلئے 6 وکلا کی فہرست جار ی، اڈیالہ جیل میں آج ملاقات ہوگی
کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث موسم گرم اور مرطوب محسوس ہونے کی توقع ہے۔
ادھر لاہور میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس سے قبل اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔ شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور پہاڑی و نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل ایک ہفتے تک موسلادھار بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال پر شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔





