ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت متعدد علاقوں اور شاہراہوں پر 12 گھنٹے کے لیے نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اگست کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مخصوص علاقوں اور سڑکوں پر آمدورفت بند رہے گی۔ اسی دوران جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے متعدد راستوں پر بھی کرفیو نافذ ہے۔
ڈیرہ ٹانک روڈ پر آمدورفت بند
نوٹیفکیشن کے مطابق طارق شہید چوک سے بھگوال تک ڈی آئی خان، ٹانک روڈ پر آمدورفت بند رہے گی، جبکہ اقبال فورٹ سے بھگوال تک ٹانک روڈ کے حصے پر بھی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل اور گڑھ عبداللہ کے علاقوں میں بھی آمدورفت محدود رہے گی۔
لنک روڈز اور بازار بھی بند
انتظامیہ کے مطابق تکوارہ، ہتھالہ، پوتہ، بدھ، کنوری، گڑھ محبت اور دیگر لنک روڈز پر بھی آمدورفت بند رہے گی۔
دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران پوتہ اور ہتھالہ کے بازار بھی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہیں گے۔
ایمرجنسی سروسز کو استثنیٰ
انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت مسافر گاڑیوں، مال بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ضرورت پڑنے کی صورت میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے آمدورفت کی اجازت دی جاسکے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔





