پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اپنے اسپیس ایپلی کیشنز سینٹر فار کلائمیٹ سائنسز کے تحت 27 اگست کو پی سی ہوٹل لاہور میں “اسپیس 4 کلائمیٹ” کے عنوان سے تیسرے علاقائی سمپوزیم کی میزبانی کرے گا۔
اس سمپوزیم میں آبی گزرگاہوں، زمین کے احاطے، فصلوں کی نگرانی، فضائی معیار و سموگ اور شدید گرمی (ہیٹ ویو) کے خطرات کے تخمینے جیسے اہم موضوعات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اس تقریب میں ملک بھر سے پالیسی ساز، سائنسدان، محققین، ترقیاتی شراکت دار، ماہرین تعلیم اور صنعت کے رہنما شرکت کریں گے جو پاکستان کو درپیش سنگین موسمیاتی چیلنجز کے حل کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے بنیادی کردار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس سے قبل پشاور اور گلگت میں اس سلسلہ وار سمپوزیم کی دو کامیاب نشستیں منعقد کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان رجیم اندرونی مزاحمت سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کر رہی ہے: وزارت اطلاعات
یہ اہم سمپوزیم سیٹلائٹ پر مبنی زمینی مشاہدات، جیو اسپیشل ٹیکنالوجیز اور کلائمیٹ انٹیلی جنس کے عملی استعمال پر باہمی تعاون اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس کا بنیادی مقصد شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو تقویت دینا، قدرتی آفات کے خلاف قومی صلاحیتوں کو بڑھانا اور ملک میں پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔





