فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن نقوی کے دورہ ایران اور اس دوران ایرانی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتوں کو جہاں ملکی میڈیا نے بھرپور کوریج دی وہاں عالمی میڈیا پر بھی بھرپور کوریج ملی ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ایران دورے سے متعلق امریکی جریدے بلومبرگ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران کا بنیادی مقصد واشنگٹن اور تہران کے درمیان تعطل کے شکار مذاکرات کو دوبارہ پٹری پر لانا تھا، بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران کی عالمی میڈیا پر بھرپور کوریج کی گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دورے سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ٹرمپ اور اعلیٰ امریکی حکام سے بات چیت ہوئی تھی۔
ادھر ایران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کو انتہائی مثبت قرار دیا ہے، صدارتی دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز رہا۔
ایرانی صدارتی دفتر کے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورے میں قابلِ قدر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں، فیلڈ مارشل کے دورے کے نتائج جلد ہی سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔
فیلڈ مارشل نے ایران میں صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبٰی خامنہ ای کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کے لیے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔





