لاہور: پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) نے صوبے بھر کی سبزی اور پھل منڈیوں کے لیے ٹرانسپورٹ فیس میں اضافہ کردیا ہے۔ نئی شرح فیس یکم ستمبر سے پنجاب کی 333 منڈیوں میں نافذ العمل ہوگی۔
پامرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آلو اور پیاز لانے والی مزدا گاڑی کی فیس 300 روپے سے بڑھا کر 700 روپے کردی گئی ہے، جبکہ 22 ویلر ٹرک کے لیے فیس 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ٹماٹر لانے والی مزدا گاڑی کی فیس 500 روپے سے بڑھا کر 800 روپے، جبکہ 22 ویلر ٹرک کی فیس 1600 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کردی گئی ہے۔ کھیرا لانے والی گاڑیوں کی فیس 800 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر سبزیوں کی گاڑیوں کے لیے فیس 200 سے 800 روپے تک ہوگی۔
پھلوں کی ترسیل پر بھی نئی فیس لاگو کی گئی ہے۔ آم، سیب، کینو اور مسمی لانے والی مزدا گاڑی کی فیس 800 روپے سے بڑھا کر 1200 روپے کردی گئی، جبکہ سیب لانے والے بڑے ٹرک کی فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 1200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی سرکاری ملازمین کی کم از کم تنخواہ کی حد میں اضافہ
نوٹیفکیشن کے مطابق سیب، انار اور انگور لانے والے کنٹینر کی فیس 2200 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے کردی گئی ہے، جبکہ کیلا لانے والے ٹرک کی فیس 1500 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح آڑو، امرود اور اسٹرابری لانے والی گاڑیوں کی فیس 1200 سے بڑھا کر 1500 روپے تک کردی گئی ہے، جبکہ گنے کی ٹرالی کی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پھل اور سبزی لانے والے رکشے کی فیس 200 روپے جبکہ پک اپ گاڑی کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ڈی جی پامرا کے مطابق ٹرانسپورٹ فیس کی نئی شرح نافذ ہونے کے بعد اتھارٹی کی آمدن گزشتہ سال کے 2 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 3 سے 4 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔





