اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے واقعے کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارۂ خدمت اور ایک کروڑ روپے نقد انعام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی جانب سے آتشزدگی کے دوران کمال ذمہ داری، فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت باہر نکالنے کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر انسانی ہمدردی، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور بہادری کی بہترین مثال قائم کی۔
پمز میں آتشزدگی کے دوران تباہی کے خطرے کے باوجود انہوں نے چند لمحوں میں بچے کو بچانے کے لیے جو قدم اٹھایا، وہ غیر معمولی جرات کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ پمز : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، 8 افسران فوری معطل، فوجداری کارروائی کا حکم
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے فرض شناس اور بہادر افراد قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کی زندگی بچانے پر انہیں سمیت پوری قوم کو نرس رضیہ نورین پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل اور خطرناک حالات میں بھی اپنے فرائض کو مقدم رکھنے والے افراد کی جتنی بھی حوصلہ افزائی کی جائے، کم ہے۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے باہمت، فرض شناس اور انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، تاکہ معاشرے میں احساس ذمہ داری، انسانی ہمدردی اور قربانی کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔





