کرک میں پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکا، ایک اہلکار شہید، 6 زخمی

Pakistan SCO Summit 2026

کرک: غول ڈیم کے قریب پولیس موبائل کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نفری سرچ آپریشن کے لیے علاقے کی جانب روانہ تھی کہ غول ڈیم کے قریب پولیس موبائل کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ پولیس موبائل الٹ گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس موبائل کا ڈرائیور واجد شہید ہوگیا جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بونیر میں افسوسناک حادثہ، دریائے برندو میں تین خواتین ڈوب گئیں، دو جاں بحق

دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کرک میں پولیس گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس ڈرائیور کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

شفیع جان نے شہید پولیس ڈرائیور کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس گاڑی پر حملہ انتہائی افسوسناک، بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے شہید اہلکاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہید اہلکار کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top