وزیراعظم سے جان خطرے میں ڈال کر ننھی جان بچانے والی نرس کی ملاقات ،بہادری پر خراجِ تحسین،ایک کروڑ روپے کا چیک

Pakistan SCO Summit 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے نومولود کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والی نرس رضیہ نورین کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔

وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کے سر پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے ان کے حوصلے اور بے مثال جذبۂ خدمت کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو نرس رضیہ نورین کی بہادری پر فخر ہے، قوم کی بیٹی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی بچا کر انسانیت اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رضیہ نورین کا یہ کارنامہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ نرس رضیہ نورین کی خدمات اور بہادری کے اعتراف میں انہیں 23 مارچ کو تمغۂ خدمت سے بھی نوازا جائے گا۔

ملاقات کے دوران نرس رضیہ نورین نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، تاہم انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بچوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر اندر جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بچہ انتہائی کم عمر تھا، جسے انہوں نے ریسکیو کرکے بحفاظت باہر نکالا۔

نرس رضیہ نورین کے مطابق وہ دوسرے بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر داخل ہوئیں تو اچانک دھماکا ہوا اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے دوسری نرس سے بچوں کو بچانے کی اپیل کی اور اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش جاری رکھی۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ پمز: وزیراعظم کا بہادر نرس رضیہ نورین کیلئے ستارہ خدمت اوربھاری نقد انعام کا اعلان

نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اپنی ذمہ داری اور فرض ادا کیا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے حوصلہ افزائی اور عزت افزائی پر وہ بے حد خوش اور شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے نرس رضیہ نورین کی خدمات کا اعتراف نہ صرف ان کی بہادری کا اعتراف ہے بلکہ ملک بھر میں شعبۂ صحت سے وابستہ ان تمام افراد کے لیے بھی خراجِ تحسین ہے جو مشکل حالات میں انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی جان تک خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top