چیف آف آرمی سٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن کے قیام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوئٹہ پہنچے تو کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے بات چیت کی اور صوبے میں جاری آپریشنل معاملات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں آرمی چیف کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، فوج کی آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ اداروں کے مابین باہمی رابطہ کاری اور صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فوج کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران تعینات دستوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بے لوث جذبے کو سراہا۔
انہوں نے زور دیا کہ امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے مابین مربوط تعاون ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور محفوظ ماحول ہی صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور عوام کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فرائض کی انجام دہی میں افسروں اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم اور لگن کو سراہا۔





