گوگل اے آئی دھوکہ دے گیا ، تین ہائیکرز 14 ہزار فٹ بلندی پر پھنس گئے

Pakistan SCO Summit 2026

گوگل کے جیمنی اے آئی کی غلط ہدایات پر انحصار تین ناتجربہ کار ہائیکرز کو مہنگا پڑ گیا، جو کیلیفورنیا کے تقریباً 14 ہزار 180 فٹ بلند آتش فشاں ماؤنٹ شاستا پر پھنس گئے۔

امریکی یو ایس فاریسٹ سروس کے مطابق تینوں ہائیکرز نے اپنے بیک کنٹری سفر کی منصوبہ بندی کے دوران راستے کے تعین، سفر کے دورانیے کا اندازہ لگانے اور ضروری خوراک و سامان کی فہرست تیار کرنے کے لیے گوگل جیمنی اے آئی سے مدد لی تھی۔

حکام کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹ کی جانب سے انہیں ضرورت سے کم خوراک اور پانی ساتھ رکھنے کی ہدایت دی گئی، جس کے نتیجے میں ان کی ابتدائی طور پر متوقع آٹھ گھنٹے کی ہائیک 16 گھنٹے کی کٹھن آزمائش میں تبدیل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق گروپ نے چوٹی تک پہنچنے کے بعد دوپہر کے وقت واپس اترنے کے بنیادی حفاظتی اصول پر بھی عمل نہیں کیا اور بالآخر شام تقریباً سات بجے چوٹی پر پہنچا۔ اندھیرا چھانے کے بعد واپسی کے دوران ہائیکرز راستہ بھٹک گئے اور مڈ کریک کینین کے علاقے میں جا پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کا غلط استعمال ڈیپ فیک کی صورت میں لوگوں کیلئے ایک نیا خطرہ

اسی دوران ایک ہائیکر گرنے کے باعث گھٹنے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگیا، جبکہ ان کا موبائل فون بھی بند ہوگیا۔ مناسب گرم لباس، پناہ گاہ، خوراک اور پانی نہ ہونے کے باعث تینوں کو شدید سردی میں رات گزارنا پڑی۔

اگلی صبح یو ایس فاریسٹ سروس کے کلائمبنگ رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران تینوں ہائیکرز کو تلاش کرلیا۔ رینجرز نے انہیں ابتدائی طبی امداد، ضروری سامان اور دیگر مدد فراہم کرنے کے بعد بحفاظت پہاڑ سے نیچے پہنچا دیا۔

واقعے کے بعد حکام نے بیک کنٹری یا دشوار گزار علاقوں میں سفر کی منصوبہ بندی کے لیے اے آئی چیٹ بوٹس پر مکمل انحصار سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ ایسے سفر میں مقامی ماہرین، موسمی حالات، سرکاری نقشوں اور متعلقہ حکام کی ہدایات کو ترجیح دینی چاہیے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top