مقبوضہ کشمیر کے سری نگر ایئرپورٹ پر ممبئی سے سری نگر پہنچنے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز 6E-225 پارکنگ کے دوران ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم کے ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔
ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم میں لیزر سینسرز اور ڈسپلے یونٹ نصب ہوتے ہیں، جو طیارے کو پارکنگ کے دوران درست سمت اور مقام کی نشاندہی میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
یہ واقعہ صبح تقریباً 9:02 بجے پیش آیا، جس کے نتیجے میں طیارے کے اگلے حصے (Nose Cone) کو نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ایئربس A321 طیارہ تقریباً چار ماہ قبل ہی فضائی بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ
خوش قسمتی سے حادثے کے وقت طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ مسافروں اور عملے کو عام سیڑھیوں کے ذریعے بحفاظت طیارے سے باہر نکال لیا گیا۔
ایئرپورٹ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





