لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے طلبہ کے لیے شروع کی گئی سی ایم بائیک اسکیم 2026 کے تحت اہل طلبہ و طالبات کو بلاسود آسان اقساط اور سرکاری سبسڈی کے ساتھ الیکٹرک اسکوٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ اسکیم میں مفت تربیت، ہیلمٹ اور حفاظتی سامان سمیت دیگر سہولتیں بھی شامل ہیں۔
اس اسکیم کے تحت طلبہ کو الیکٹرک بائیک خریدنے کے لیے بلاسود فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جس کی رقم وہ ہر ماہ آسان اقساط میں واپس کرسکیں گے۔
کون طلبہ اپلائی کرسکتے ہیں؟
پنجاب بھر کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ درخواست دہندگان کی عمر کم از کم 16 سال ہونا ضروری ہے، جبکہ ان کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ بھی ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ درست کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) لازمی قرار دیا گیا ہے۔ والدین یا قانونی سرپرست درخواست گزار کے ضامن بن سکتے ہیں، جبکہ درخواست میں فراہم کیا جانے والا موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔
اپلائی کرنے کی آخری تاریخ
طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم 2026 کے لیے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
درخواستیں سرکاری اسکیم پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
الیکٹرک بائیک کی خصوصیات
اسکیم کے تحت اہل طلبہ کو 72 وولٹ اور 30 ایمپیئر گھنٹے کی بیٹری سے لیس الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی۔ بائیک میں 1,000 واٹ کی موٹر ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
طلبہ کو کیا کیا مفت ملے گا؟
اس اسکیم کی خاص بات یہ ہے کہ طلبہ کو صرف الیکٹرک اسکوٹی ہی نہیں بلکہ مفت سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ اہل طلبہ و طالبات کے لیے 5 اسکوٹی ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں انہیں اسکوٹی چلانے کی مفت تربیت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایکس کا کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان
مفت اسکوٹی ٹریننگ کے لیے درج ذیل مراکز قائم کیے گئے ہیں:
ابشر ڈرائیونگ اسکول
لبرٹی خدمت مرکز
گریٹر اقبال پارک
ٹریفک پولیس لائنز مناواں
ایل او ایس فیروز پور روڈ
اسکوٹی ٹریننگ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو اپنا شناختی کارڈ ہمراہ لانا ہوگا۔
لائسنس کے لیے بھی سہولت
لاہور ٹریفک پولیس نے طلبہ کی سہولت کے لیے ان ٹریننگ سینٹرز میں اسکوٹی لائسنس کے اجرا کے لیے مخصوص اسکوٹی کاؤنٹرز بھی مختص کیے ہیں۔
اس کے علاوہ پروگرام میں شامل طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
یوں پنجاب سی ایم بائیک اسکیم 2026 کے تحت طلبہ کو بلاسود فنانسنگ پر الیکٹرک اسکوٹی کے ساتھ مفت ڈرائیونگ ٹریننگ، لائسنس کے لیے مخصوص سہولت اور حفاظتی سامان بھی دستیاب ہوگا۔





