حیات آباد نرسنگ کالج واقعہ، صدر پی ٹی آئی پشاور عرفان سلیم کا ٹویٹ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے شکایتیں کر دیں

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم نے حیات آباد نرسنگ کالج کے واقعے کے بعد پشاور پولیس کے مبینہ ناروا سلوک پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے ٹویٹ میں عرفان سلیم نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ نرسنگ کالج کے واقعے کے بعد پشاور پولیس کی مبینہ غنڈہ گردی، لاقانونیت اور ماورائے آئین و قانون اقدامات کا سخت نوٹس لیا جائے۔

عرفان سلیم کے مطابق نرسنگ کالج اور طلباء کا معاملہ اندرونی نوعیت کا ہے، جس پر حکومت پہلے ہی انکوائری کمیٹی تشکیل دے چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد جو بھی ذمہ دار ہو، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، تاہم پولیس کا طرزِ عمل ایک الگ اور سنگین معاملہ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے خود موقع پر طلباء کے ساتھ پولیس کا رویہ دیکھا، جہاں مبینہ طور پر تشدد، بدسلوکی اور تذلیل کی گئی۔ عرفان سلیم نے طلباء کے والدین، خصوصاً ماؤں کے بارے میں مبینہ طور پر نازیبا زبان کے استعمال کو بھی ناقابلِ قبول قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : پوسٹ گریجویٹ نرسنگ کالج حیات آباد پشاور کی پرنسپل کا مؤقف بھی سامنے آگیا

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پولیس کو قانون نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہے، تاہم کسی شہری کی عزتِ نفس پامال کرنے یا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں۔

عرفان سلیم نے پشاور پولیس کی اعلیٰ قیادت کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے اور متعلقہ اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔

ان کے مطابق ایس پی نے گزشتہ رات کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم تاحال کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔

عرفان سلیم کا کہنا تھا کہ معاملہ صرف چند طلباء تک محدود نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی، شہریوں کی عزتِ نفس اور ریاستی اداروں کی جواب دہی کا سوال ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس سمیت تمام ریاستی ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر فرائض انجام دیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top