مینگورہ میں چوہوں اور آوارہ کتوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کا فیصلہ

Pakistan SCO Summit 2026

شہزاد نوید

سوات: مینگورہ شہر اور گردونواح میں چوہوں کی افزائش و پھیلاؤ روکنے، آوارہ کتوں اور باؤلے پن کے مشتبہ شکار کتوں سے شہریوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیرِ صدارت اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سوات سید نعمان علی شاہ، جنرل منیجر آپریشنز ڈبلیو ایس ایس سی سوات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی اور محکمہ بلدیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں نے چوہوں کی روک تھام، صفائی ستھرائی میں بہتری اور آوارہ کتوں سے متعلق عوامی شکایات کے مؤثر تدارک کیلئے تجاویز اور مجوزہ عملی منصوبے پیش کیے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے متعلقہ اداروں کو چوہوں کی افزائش اور پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے فوری اور ضروری اقدامات اٹھانے جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں: دوستی سے انکار پر ملزم نے 17سالہ نوجوان کو قتل کردیا

انہوں نے آوارہ کتوں اور باؤلے پن کے مشتبہ کیسز سے نمٹنے کیلئے ماہرین کی معاونت حاصل کرنے اور محفوظ، انسانی ہمدردی پر مبنی اور مربوط اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صفائی کا خاص خیال رکھیں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ آوارہ یا باؤلے پن کے مشتبہ شکار کتوں کو خود پکڑنے یا چھیڑنے سے گریز کریں اور ایسے کتوں کی موجودگی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top