نرسنگ کالج حیات آباد میں ہنگامہ آرائی، فیکلٹی ممبرز نے بڑا مطالبہ کر دیا

Pakistan SCO Summit 2026

پوسٹ گریجویٹ نرسنگ کالج حیات آباد کے فیکلٹی ممبرز نے گزشتہ روز پیش آنے والے ہنگامہ آرائی کے واقعے سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی تمام سفارشات پر یکساں اور منصفانہ طور پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

جاری بیان میں فیکلٹی ممبرز کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں مختلف سفارشات پیش کی گئی تھیں، جن میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ کی منتقلی، ہنگامہ آرائی میں ملوث طلبہ کے خلاف کارروائی اور غیر قانونی طور پر ہاسٹل میں مقیم افراد سے رہائش خالی کرانے کی سفارشات شامل ہیں۔

فیکلٹی ممبرز کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے فی الحال صرف پرنسپل کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پرنسپل نے اپنی ذمہ داریاں انجام دینے اور ارائیول رپورٹ جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر انتظامی اقدامات کی بنیاد تحقیقاتی رپورٹ کو بنایا گیا ہے تو رپورٹ میں شامل تمام سفارشات پر یکساں، شفاف اور غیر جانب دارانہ انداز میں عملدرآمد ہونا چاہیے۔

فیکلٹی ممبرز کا کہنا ہے کہ پرنسپل کی سابقہ کارکردگی، تجربہ اور ادارے کے لیے خدمات قابلِ احترام ہیں، اس لیے کسی بھی انتظامی اقدام سے قبل تحقیقاتی رپورٹ کی تمام سفارشات پر منصفانہ عملدرآمد ضروری ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ رپورٹ کی باقی سفارشات پر بھی فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ ادارے میں نظم و ضبط، شفافیت اور انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیں:حیات آباد نرسنگ کالج کی پرنسپل عہدے سے ہٹا دی گئیں

فیکلٹی ممبرز نے خبردار کیا کہ اگر صرف پرنسپل کے خلاف کارروائی کی گئی اور تحقیقاتی رپورٹ کی دیگر سفارشات پر عملدرآمد نہ ہوا تو وہ اپنے مؤقف کے اظہار کے لیے پریس کانفرنس کریں گے اور واقعے سے متعلق حقائق و دستیاب ریکارڈ عوام اور متعلقہ حکام کے سامنے پیش کریں گے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top