لاہور: 1965 کی جنگ کے ہیرو اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 61واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں شہید کی بہادری اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے 12 ستمبر 1965 کو لاہور کے محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی غیر معمولی بہادری اور بے مثال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
یومِ شہادت کے موقع پر شہید کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی، جبکہ فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی تقریبات منعقد ہوں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا سمیت مسلح افواج کی قیادت نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی غیر معمولی بہادری، قیادت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : میجرعزیز بھٹی کا 61ویں یومِ شہادت، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کاشاندار خراج عقیدت
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 1965 کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کا دفاع انتہائی بہادری سے کیا اور دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود پانچ دن اور پانچ راتیں اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے۔ ان کی ثابت قدم قیادت نے دشمن کی پیش قدمی روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ میجر عزیز بھٹی شہید فرض شناسی، بے لوث خدمت، غیر متزلزل عزم اور قربانی کی لازوال علامت ہیں۔ ان کی خدمات اور قربانی آج بھی قوم اور پاکستان کے محافظوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ملکی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی قائم کردہ بہادری، عزم اور جذبۂ قربانی کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے فرض کی ادائیگی جاری رکھی جائے گی۔





