پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں مزید اضافے کا اعلان

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ کیا جاچکا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8 سے 17 اگست تک جاری رہنے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ہڑتال پر جانے پر مجبور ہوں گے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق حکومت نے معاملات کے حل کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جس کی مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے جارہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اپنے وعدوں اور معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو پاکستان بھر میں ٹرانسپورٹرز ایک بار پھر ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top