سال 1965 کی جنگ کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر پانے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 61ویں یومِ شہادت پر پاک فوج کے اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسزو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شہید کی بے مثال بہادری، غیر متزلزل قیادت اور قربانی کو یاد کیا۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ 1965ء کی جنگ میں لاہور کے برکی سیکٹر میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے میجر عزیز بھٹی نے لگاتار پانچ دن اور پانچ راتیں مورچے میں ڈٹ کر جس شجاعت کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستانی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ دشمن کی تمام تر یورش کے باوجود ان کی آہنی چٹان جیسی پوزیشن نے ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ فرض سے محبت، بے لوث قربانی اور بہادری کا جو درخشاں باب میجر عزیز بھٹی نے رقم کیا، وہ نہ صرف آج کے محافظوں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ دفاع و شہداء، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کا شہدائے وطن کو سلام
اس موقع پر عسکری قیادت نے یہ عہد بھی دہرایا کہ مادرِ وطن کی خودمختاری اور سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر اسی جذبۂ ایمانی اور شجاعت کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔





