رانی عندلیب
پشاور: محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں قابلِ مرمت فرنیچر کی مرمت، بلیک بورڈز کو وائٹ بورڈز میں تبدیل کرنے اور فرنیچر کی تیسرے مرحلے کی فراہمی سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں قابلِ مرمت فرنیچر موجود نہ ہونے اور حقیقی ضرورت کے مطابق مزید فرنیچر درکار ہونے کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ جمع کرائیں، تاکہ فرنیچر کی ضرورت کا درست تعین کیا جا سکے۔
جاری ہدایات کے مطابق صوبے کے پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں موجود تمام بلیک بورڈز کو منظور شدہ معیار کے مطابق وائٹ بورڈز میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس عمل کو مقررہ معیار اور ضرورت کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی کمی، پی ٹی سی اساتذہ دوبارہ تعینات ہوں گے
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے فرنیچر اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کی پیش رفت کے لیے تیار کردہ گوگل ڈیٹا شیٹ کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنے اور اس میں درج معلومات کی درستگی یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔
اسی طرح فرنیچر کی تیسرے مرحلے کی فراہمی مکمل ہونے کے بعد تمام سامان کی 100 فیصد فراہمی کا تکمیلی سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کو مکمل سپلائی کے قابلِ تصدیق ثبوت بھی فراہم کرنا ہوں گے۔
محکمہ تعلیم نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ تمام سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور فرنیچر، وائٹ بورڈز اور دیگر کاموں سے متعلق درست، مکمل اور قابلِ تصدیق معلومات فراہم کریں۔
محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات کا مقصد اسکولوں میں دستیاب سہولیات کی بہتری، فرنیچر کی حقیقی ضروریات کا درست تعین، سامان کی مکمل فراہمی اور جاری سرگرمیوں میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔





