پھول نگر: پاکستان تحریک انصاف کی حلقہ این اے 134 پتوکی سے امیدوار سدرہ فیصل کے آبائی گھر پر بجلی کے مبینہ غیر قانونی کنڈے پکڑے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لیسکو اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سندھو کلاں، پتوکی میں واقع سدرہ فیصل کے آبائی گھر پر چھاپہ مارا، جہاں مبینہ طور پر بجلی کے 3 ڈائریکٹ کنڈے پکڑے گئے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ کنڈے براہ راست ٹرانسفارمر سے منسلک کیے گئے تھے، جس کے ذریعے مبینہ طور پر بجلی استعمال کی جا رہی تھی۔
لیسکو کی جانب سے واقعے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سدرہ فیصل حلقہ این اے 134 پتوکی سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج
یاد رہے کہ گزشتہ روزسرگودھا کے تھانہ بھیرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق فیسکو حکام کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران مبینہ طور پر بجلی کی چوری پکڑی گئی، جس کے بعد محکمہ بجلی کی رپورٹ پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق فیسکو سب ڈویژن سردار پور نون کی جانب سے بجلی چوری کی اطلاع پولیس کو دی گئی، جس پر تھانہ بھیرہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
رپورٹ میں بجلی کی غیر قانونی کنکشن کے ذریعے ترسیل اور میٹر میں مبینہ ردوبدل سمیت دیگر الزامات کا ذکر کیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔





