وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی صارفین کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کے لیے رجسٹریشن آج سے شروع کر دی گئی ہے، جبکہ سکیم کے طریقہ کار سے متعلق عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں مزید اضافے کا اعلان
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد میں خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکیم کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے پٹرول ریلیف سکیم کے لیے معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔





