وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، جبکہ ان حملوں سے عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے 7 شرائط رکھ دیں
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد نے جلد ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔





