پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ اگر انہیں مستقل بنیادوں پر قومی ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داری سونپی گئی تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔
مائیک ہیسن کو انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے لیے عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کے دوران ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئیں، سات کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے کے ساتھ ہی ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔
انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی تین صفر سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ پسند ہے اور اگر مستقل طور پر ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داری دی گئی تو وہ یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں، مناسب رہنمائی اور درست سمت فراہم کی جائے تو ٹیم بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔ تاہم اس عمل میں ایک یا دو میچ نہیں بلکہ وقت درکار ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں اہم ریکارڈ توڑ دیا
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ فی الحال انہوں نے مستقل عہدے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، کیونکہ ان کی توجہ وائٹ بال کرکٹ اور ایشین گیمز پر ہے۔ ایشین گیمز کے بعد وہ سلیکٹرز کے ساتھ ٹیسٹ ٹیم کے مستقبل پر بات کریں گے۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کے حوالے سے مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم کی خراب کارکردگی صرف حالیہ ایک دو ہفتوں کا مسئلہ نہیں، بلکہ گزشتہ ایک سے دو سال کے دوران یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔





