نوشہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے زیارت کاکا صاحب اور ملحقہ علاقوں میں چکن گونیا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے، مختلف ہسپتالوں میں روزانہ 50 سے 100 تک کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق نوشہرہ کے مختلف طبی مراکز میں چکن گونیا کے شبہ میں بڑی تعداد میں مریض علاج کے لیے پہنچ رہے ہیں، جس کے باعث ہسپتالوں اور دیگر مراکز صحت پر مریضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود طبی عملے، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب زیارت کاکا صاحب اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے چکن گونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مچھر مار اسپرے، آگاہی مہم اور دیگر حفاظتی اقدامات فوری طور پر شروع کیے جائیں، جبکہ متاثرہ افراد کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہسپتالوں میں اضافی طبی عملہ اور ادویات مہیا کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : مکہ مکرمہ میں بارانِ رحمت، مسجد الحرام کے روح پرور مناظر نے دل موہ لیے
مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
چکن گونیا کیا ہے؟
چکن گونیا ایک وائرل بیماری ہے جو متاثرہ مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ بیماری کی عام علامات میں اچانک تیز بخار، جوڑوں میں شدید درد، سر درد، پٹھوں میں درد، جلد پر خارش اور جوڑوں کے گرد سوجن شامل ہیں۔
بعض مریضوں میں متلی، قے اور خسرہ نما دانے بھی ظاہر ہوسکتے ہیں۔ بیماری کی تصدیق مخصوص خون کے ٹیسٹ کے ذریعے کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق چکن گونیا سے اموات کا خطرہ عمومی طور پر کم ہوتا ہے، تاہم بعض مریضوں میں جوڑوں کا درد اور دیگر علامات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتی ہیں۔
بیماری سے بچاؤ کے لیے مچھروں کی افزائش روکنا، مچھر کے کاٹنے سے بچاؤ اور متاثرہ علاقوں میں صفائی کے مؤثر انتظامات اہم ہیں۔





