اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 ارکانِ اسمبلی کے پاسپورٹ فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اے ٹی سی کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے سلسلے میں پولیس کی استدعا پر یہ فیصلہ جاری کیا۔ پولیس اور تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں نامزد ملزمان قانونی عمل سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہو سکتے ہیں، لہٰذا ان کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو حکم دیا ہے کہ وہ اگلے احکامات تک تمام نامزد رہنماؤ کے پاسپورٹ بلاک کرے۔
عدالتی حکم کے مطابق پاسپورٹ بلاک کیے جانے والوں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے علاوہ اسد قیصر، عمر ایوب، شہرام ترکئی، جنید اکبر، شاہد خٹک، بابر سلیم، شیر علی ارباب، اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد، یروزیر اور شاہ احد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے آبائی ضلع خیبر میں28دن سے پولیس کا دھرناجاری
اس کے علاوہ ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق یہ تمام شخصیات متعلقہ مقدمے میں نامزد ہیں۔





