پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

Pakistan SCO Summit 2026

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا اور حکومت کو ہر صورت پیٹرولیم لیوی سے متعلق فیصلہ واپس لینا ہوگا۔

کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک ایک مخصوص ٹولے کے ہاتھوں لوٹا جا رہا ہے، تاہم اگر نوجوان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے تو یہ لوگ عوام کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں گے اور چپلیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پٹرولیم لیوی اور بھتہ ختم نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک حکومت کے گھیراؤ تک پہنچ سکتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ کل بھی کراچی میں موجود ہوں گے، جہاں تاریخی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جبکہ پرسوں لاہور میں بڑا جلسہ ہوگا۔ ان کے مطابق اس کے بعد مردان اور پشاور میں جلسے کیے جائیں گے، جس کے بعد جماعت اسلامی دوبارہ اسلام آباد کا رخ کرے گی۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے کی بھی مخالفت کی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے ایک نام نہاد میٹنگ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کسی صورت لاک ڈاؤن کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ اپنی عیاشیاں کم کرے اور عوام پر تمام تر بوجھ ڈالنے کی پالیسی ترک کرے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں داخل ہونے دینے کا مطلب شہر کی سلامتی کو داؤ پر لگانا ہوگا، رانا ثنا اللہ

جماعت اسلامی کے امیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے سودی نظام کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سود کی لعنت ملکی معیشت کو تباہ کر رہی ہے۔ ان کے بقول سود کے خاتمے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور صنعتوں کو فروغ ملے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید خبردار کیا کہ اگر سودی نظام کے خلاف تحریک شروع کی گئی تو حکومت کے لیے حالات مزید مشکل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں میں آٹا، چینی اور آئی پی پیز مافیا موجود ہے، جبکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل کو اجاگر کر رہی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top