وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پُرامن احتجاج کی آڑ میں مسلح جتھوں کی شکل میں آنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ اگر ایسا کیا گیا تو ریاست شہریوں اور دارالحکومت کے تحفظ کے لیے اپنے اختیارات کا بھرپور استعمال کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ احتجاج کے حوالے سے کوئی باقاعدہ معاہدہ یا طے شدہ ضابطہ کار طے نہیں کیا، اس لیے اسے معمول کا سیاسی مظاہرہ نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی لاہور میں افراتفری پھیلانے کے درپے تھے اور اب پی ٹی آئی کا مقصد حکومت کا تختہ الٹنا اور بانی چیئرمین کو رہا کرانا ہے۔
رانا ثنااللہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی جماعت مسلح گروہ کی صورت میں نظامِ زندگی مفلوج کرنے کی کوشش کرے تو ریاست ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہیں بیٹھے گی، اور پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دینا دارالحکومت کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کون سے دو اہم مقاصد ہیں؟ رانا ثنا اللہ نے بتادیا
انہوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لیے راستے اسلام آباد کے بجائے صوبے کی حد پر ہی بند کیے جا سکتے ہیں۔





