اسلام آباد: قائد اعظم یونیورسٹی نے بی ایس اور ایم فل کے مستحق اور ضرورت مند طلبہ کے لیے پاکستان بیت المال اسکالرشپ 2026 کا اعلان کردیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسکالرشپ کے لیے درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق بی ایس کے پہلے، تیسرے، پانچویں اور ساتویں سمسٹر جبکہ ایم فل کے پہلے اور دوسرے سمسٹر کے ریگولر طلبہ اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
یتیم، معذور اور انتہائی مستحق طلبہ کو اسکالرشپ کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : کینیڈا جانے کے خواہشمند طلبا کیلئے خوشخبری، اسٹڈی پرمٹ کا عمل آسان
قائد اعظم یونیورسٹی کے مطابق ماہانہ 45 ہزار روپے سے زائد آمدن والے خاندانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ اسکالرشپ کے اہل نہیں ہوں گے، جبکہ سیلف فنانس اسکیم کے تحت زیر تعلیم طلبہ بھی درخواست نہیں دے سکیں گے۔
طلبہ اسکالرشپ کے درخواست فارم قائد اعظم یونیورسٹی کی فوٹو کاپی شاپس سے حاصل کرکے آفس آف اسٹوڈنٹس فنانشل اسسٹنس میں جمع کراسکتے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات، کٹنگ یا اوور رائٹنگ پر مشتمل درخواستیں، جبکہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والے فارم بھی مسترد کردیئے جائیں گے۔





