خیبر پختونخوا کے وزیر توانائی و برقیات نذیر احمد عباسی نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے اہم ملاقات کی جس میں خیبر پختونخوا اور وفاق کے درمیان توانائی کے اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبائی وزیر توانائی نے خیبر پختونخوا کے صنعتی شعبے کے لیے 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی تخصیص کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں گیس کنکشن کی فی صارف لاگت کے معیار کا ازسرنو تعین کیا جائے اور ایل پی جی پالیسی 2016 کے تحت صوبے کے پہاڑی علاقوں میں جنگلات کے تحفظ کے لیے 10 فیصد ایل پی جی گیس مختص کی جائے۔
نذیر احمد عباسی کا کہنا تھا کہ رائلٹی کی ادائیگی اور آئینی حقوق کے معاملے پر خیبر پختونخوا کے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی سربراہی میں صوبے کے تمام آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن راستہ اختیار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : فیول ریلیف پیکج پر حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے صوبائی حکومت کے تحفظات اور مطالبات کا جائزہ لیتے ہوئے درپیش مسائل کے حل اور جامع رپورٹ مرتب کرنے کے لیے سیکرٹری سطح کی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔





