تحصیل جمرود کے علاقے تختہ بیگ میں غیر قانونی طور پر قائم کرش پلانٹس کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 کرش پلانٹس سیل کر دیے۔
کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز و سی پی سی خیبر کے دفتر کے حکام، اسسٹنٹ کمشنر جمرود اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جمرود نے حصہ لیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد علاقے میں غیر قانونی طور پر قائم کرش پلانٹس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانا تھا۔ کارروائی کے دوران 16 پلانٹس کو سیل کیا گیا، جبکہ متعلقہ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تنصیبات کو مزید تاخیر کے بغیر مقررہ اور موزوں مقامات پر منتقل کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر قائم تنصیبات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔





