وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کوہاٹ دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ۔
اختیار ولی خان نے کہا صوبے کا وزیراعلیٰ کراچی، لاہور میں ٹک ٹاک بنا رہا ہے؟ سہیل آفریدی کو ٹک ٹاک بنانے سے ہی فرصت نہیں، صوبے میں تعلیم، صحت کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا 16 دن سے صوبے کا وزیراعلیٰ کہاں ہے؟ سہیل آفریدی استعفیٰ دے دیں، صوبے کا گزارہ ہوجائے گا، تعلیم اور صحت کے شعبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہورہے ہیں، وائس چانسلرز دہائیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا صوبے میں اس وقت دہشت گردی، اسمگلروں کا راج ہے، خیبرپختونخوا میں بندروں کی حکومت آگئی ہے، صوبے میں انتظامی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
اختیار ولی خان نے سہیل آفریدی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا خود کہہ دیں لگا دیں گورنر راج، ہم سنبھال لیں گے، عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا صوبے کی پولیس کا مورال بلند کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، یہ لوگ شہیدوں کے جنازے میں شرکت نہیں کرتے، صوبے کی پولیس، ڈاکٹرز اور خاصہ دار فورس ہڑتال پر ہے۔





