میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ، امتحان کل صبح 10 بجے ہوگا

اسلام آباد: میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان کل صبح 10 بجے ہوگا، جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدوار شریک ہوں گے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے ملک بھر میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی ایک امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا پیپر 180 سوالات پر مشتمل ہوگا، جس میں بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، انگریزی اور آئی کیو کے سوالات شامل ہوں گے۔ سوالات ملک بھر سے منتخب ماہرین نے تیار کیے ہیں۔

امتحان کے حوالے سے پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ پیپر لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک کا امتحان منسوخ ہونے کے خدشے سے بچنے کے لیے ہر صوبے کو دو الگ پرچے فراہم کیے گئے ہیں۔

امیدواروں کو صبح 7 بجے تک امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تین گھنٹے پر مشتمل ایم سی کیوز ٹیسٹ 180 نمبروں کا ہوگا، جبکہ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے پاسنگ مارکس 55 فیصد اور ڈینٹل کالجز کے لیے 50 فیصد مقرر کیے گئے ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں منفی مارکنگ نہیں ہوگی۔ امتحان کے بعد ’آنسر کی‘ اپ لوڈ کی جائے گی جبکہ شفافیت کے لیے طلبہ کاربن کاپی کے ساتھ ٹیسٹ پیپر حل کرسکیں گے۔ تمام امیدواروں کو امتحان کے اختتام تک اپنی نشستوں پر بیٹھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : بی وائی ڈی نے پاکستان میں نئی گاڑی متعارف کرا دی

پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے سپرد کی گئی ہے۔

اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو دی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق اضافی امتحانی مرکز سے بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار بھی مستفید ہوں گے۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے الگ پورٹل قائم کیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ مسائل کے باعث انہیں ایم ڈی کیٹ کی ہارڈ کاپی فراہم کی جائے گی۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے اسلام آباد میں بھی خصوصی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری صوبوں اور متعلقہ میڈیکل یونیورسٹیوں کی ہے، جبکہ وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزارت صحت اور پی ایم ڈی سی امتحان کی نگرانی کریں گے۔

Scroll to Top