پشاور: محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے افسران اور ملازمین کے نامکمل پروفائل کارڈز کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کے اندر مکمل اور اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
محکمے کے اہم مراسلے کے مطابق پوسٹنگ اور تبادلوں کے دوران مینجمنٹ اور ٹیچنگ کیڈر سے وابستہ افسران و ملازمین کے پروفائل کارڈز نامکمل پائے گئے، جس سے محکمے کے امور اور ساکھ پر سوالات اٹھے ہیں۔
مراسلے کے مطابق اعلیٰ حکام نے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام مرد و خواتین ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو فوری طور پر ہدایات جاری کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : چکدرہ تا مدین موٹروے منصوبہ تعطل کا شکار، 11 ارب روپے کا معاملہ سامنے آگیا
ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران اور ملازمین کے پروفائل کارڈز ایک ہفتے کے اندر لازمی طور پر مکمل اور اپ ڈیٹ کیے جائیں۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں پروفائل کارڈز مکمل نہ کیے گئے تو معاملہ دوبارہ اعلیٰ حکام کے علم میں لایا جائے گا، جس پر سخت کارروائی کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ڈائریکٹر مینجمنٹ سسٹم کو بھی معاملے کی نگرانی اور پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے کے مطابق آئندہ ہفتے تک اپ ڈیٹ شدہ سسٹم اور مکمل پروفائل کارڈز سیکرٹری تعلیم کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔





