جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان پانچویں دور کے مذاکرات بھی بے نتیجہ ختم

جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گیا ہے جس کے بعد جماعت اسلامی نے اپنے اعلان کردہ سپر لانگ مارچ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مذاکرات میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کی نمائندگی نائب امیر لیاقت بلوچ اور قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کی۔

مذاکرات کے بعد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ آج کی نشست میں بھی کوئی بریک تھرو نہیں ہو سکا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومتی وفد نے سیکیورٹی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے لانگ مارچ منسوخ کرنے کی درخواست کی اور جلد ہی عوامی سطح پر غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوامی مطالبات کی منظوری کے لیے لانگ مارچ ناگزیر ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق وزیراعلی علی امین گنڈا پور طبیعت ناسازہونے پر ہسپتال منتقل

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے فوراً عملی اقدامات نہ کیے تو احتجاج اور لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔ طے شدہ پروگرام کے تحت کل کراچی سے امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں سپر لانگ مارچ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

Scroll to Top