کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملہ، مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

پشاور: کوہاٹ کے پرانا پولیس لائنز میں ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجد پولیس لائنز کو فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کا نشانہ بنایا، جس کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

مقدمے کے مطابق دہشت گردوں نے مسجد کے راستے کو داخلی راستے کے طور پر استعمال کیا اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے پولیس لائنز کے اندر داخل ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک

حملے کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ اور دستی بموں کے حملوں سے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا، جبکہ پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران بھی آپریشن کی نگرانی اور قیادت کے لیے موقع پر پہنچے۔

ایف آئی آر کے مطابق خودکش حملے، فائرنگ اور دستی بم حملوں کے نتیجے میں 21 افراد شہید جبکہ بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے۔ حملے کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملے میں ملوث نامعلوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top