پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے غریب، بے روزگار اور ہنر مند نوجوانوں کے لیے 6 ماہ کی بامعاوضہ انٹرن شپ پروگرام شروع کردیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور روزگار کے حصول کے امکانات بہتر بنانا ہے۔
یہ پروگرام خیبرپختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ (کے پی-آر ای ٹی پی) کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کی نگرانی صوبائی حکومت کررہی ہے جبکہ اس پر عملدرآمد خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (کے پی-ٹی ای وی ٹی اے) کے ذریعے کیا جارہا ہے۔
پروگرام کے تحت اہل مرد و خواتین ٹیکنیکل گریجویٹس سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہنر مند نوجوانوں کو عملی میدان میں تجربہ فراہم کرنا اور انہیں ملازمت کے لیے مزید تیار کرنا ہے۔
پروگرام میں درخواست دینے والے امیدوار کا خیبرپختونخوا کا مستقل رہائشی ہونا اور درست ڈومیسائل رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
امیدوار کا این ایس ای آر ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ پی ایم ٹی اسکور صفر سے 40 کے درمیان ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری
اس کے علاوہ امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں کسی تسلیم شدہ ٹیسٹنگ بورڈ، بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، انجینئرنگ یونیورسٹی یا حکومت سے منظور شدہ کسی دوسرے ادارے کی جانب سے 2023 یا اس کے بعد کی سند موجود ہونا ضروری ہے۔
پروگرام کے لیے مرد امیدواروں کی عمر 18 سے 29 سال جبکہ خواتین امیدواروں کی عمر 18 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے۔
خواتین کی تکنیکی اور فنی شعبوں میں شرکت بڑھانے کے لیے انٹرن شپ کی مجموعی نشستوں میں سے 50 فیصد نشستیں خواتین کے لیے مختص کی گئی ہیں۔
اہل امیدوار انٹرن شپ پروگرام میں شرکت کے لیے اپنی درخواستیں آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔ درخواستیں کے پی-ٹی ای وی ٹی اے کے سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جارہی ہیں۔
حکومت کے مطابق پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی مہارت اور کام کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے مستقبل میں روزگار کے حصول میں ان کی مدد ہوسکے گی۔





