حمد اللہ
ایبٹ آباد: نواں شہر کی حدود ڈھوڈیال میں بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے 18 سالہ بھائی کو قتل کردیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ نثار نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے چھوٹے بھائی عادل پر فائرنگ کردی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی عادل کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کے مطابق مقتول عادل کا تعلق ضلع نوشہرہ سے تھا اور وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ڈھوڈیال نواں شہر میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔
مقتول کے والد حسن زادہ نے پولیس کو بتایا کہ گھر کے تمام افراد سو رہے تھے کہ رات تقریباً 3 بجے ان کا بڑا بیٹا نثار شور شرابہ کرتے ہوئے باہر آیا اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے بھائی عادل پر فائرنگ کردی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری
واقعے کی اطلاع ملتے ہی نواں شہر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ نواں شہر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم نثار کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فائرنگ کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔





