فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی امن کوششوں کا عالمی سطح پراعتراف، اقوام متحدہ کا اظہارِ تشکر

اقوام متحدہ نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ تشدد کے خاتمے اور فریقین کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر پاکستان کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

ترجمان کے مطابق امن کوششوں میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم رہا، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والی ایران، امریکا مفاہمت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ ہمیشہ مذاکرات اور سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوتے ہیں تو اس سے تنازع کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

پاکستان اس سے قبل بھی واضح کر چکا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر حکام نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں کیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ بھی امریکی، ایرانی تنازع کے حل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امن کے قیام میں پاکستان کا کردار دنیا تسلیم کر رہی ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

Scroll to Top